نئی دہلی 16 ستمبر (آئی این ایس انڈیا)ایندھن کی قیمت میں اضافہ کو کم کرنے پر مرکزی حکومت کی طرف سے غور کئے جانے کے بی جے پی کے دعوے کی تنقید کرتے ہوئے کانگریس لیڈر پی چدمبرم نے اتوار کو کہا کہ حکمراں پارٹی نے ’’مفت ‘‘خام تیل حاصل کرنے کا راستہ تلاش کرلیا ہوگا ۔سابق وزیر خزانہ نے کئی ٹویٹ کرتے ہوئے نریندر مودی حکومت پر معیشت میں کالے دھن کی بازی پر روک لگانے میں مبینہ طور پر ناکام رہنے کے لئے بھی حملہ کیا۔ چدمبرم نے ٹویٹ کیا کہ مرکزی حکومت نے کہا ہے کہ وہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں کمی نہیں کرے گی۔وہیں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے صدر امت شاہ نے دعوی کیا ہے کہ مرکز جلد ہی پٹرولیم مصنوعات کی قیمت پر لگام لگائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے ضرور خام تیل کے ذریعہ کا پتہ لگا لیا ہوگا جہاں پر مفت خام تیل کی فراہمی ہوگی۔ شاہ نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے اور روپے کی قدر میں کمی کے لئے ہفتہ کو بین الاقوامی سطح پر ہو رہی سرگرمیوں کو ذمہ دار ٹھہرایا تھا۔ حیدرآباد میں ایک پروگرام میں بی جے پی کے سربراہ نے کہا تھا کہ ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کو لے کر مرکز فکر مند ہے اور جلد ہی اس کا حل تلاش کیا جائے گا ۔